Ticker

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

زندگی کے مقصد کو اعلیٰ بنائیں

اس بات سے تو انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ہر شخص اور خاص طور پر نوجوان طبقے نے اپنے ذہن میں اپنی زندگی کا ایک مقصد یا ایک ٹارگٹ بنا رکھا ہوتا ہے، جس کیلئے وہ جدوجہد کرتا ہے اور جسے وہ حاصل بھی کرنا چاہتا ہے۔ کسی کا مقصد ہوتا ہے کہ تعلیم حاصل کر کے اچھی جاب مل جائے، کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ ایک کامیاب بزنس مین بن جائے، کسی نے من پسند جگہ شادی کرنے کو مقصد سمجھا ہوتا ہے، کوئی شہرت کے پیچھے بھاگتا ہے یا سٹار بننا چاہتا ہے اور کوئی بیرون ملک رہائش کے خواب بنتا رہتا ہے اور اس کیلئے جدوجہد کرتا ہے.

بعض لوگ تو ساری زندگی روپیہ پیسہ کمانے کی جدوجہد میں لگے رہے ہیں۔ وہ اپنا سٹیٹس بلند سے بلند تر کرنے کی خواہش میں رہتے ہیں حتیٰ کہ ریٹائر ہونے کے بعد بھی جب تک کوئی مرض انھیں نہیں لگ جاتا تب تک ان کی روزانہ کی مصروفیت کا مقصد صرف مال کمانا ہوتا ہے۔ بے شک یہ سب کا م جائز طریقوں سے کیے جائیں، حرام وحلال کا خیال رکھ کر کیے جائیں اور لوگوں کے حقوق پر ڈاکا مارے بغیر اپنے فرائض پورے کرتے ہوئے کیے جائیں تو ان میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن ایک حقیقت جسے انسان بھول جاتا ہے کہ اگر وہ اپنے من چاہے مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو بھی جاتا ہے اور اس ٹارگٹ تک پہنچ جاتا ہے جو اس نے اپنے ذہن میں بنا رکھا ہوتا ہے تو ایک وقت ضرور آتا ہے جب اُس نعمت نے ہر صورت میں اس سے چھن جانا ہوتا ہے.

مثلاً اگر کوئی شخص اپنی خواہش کے مطابق امیر ترین انسان بننے میں کامیاب ہو بھی جائے تو اس کی محدود زندگی اسے اس کی دولت کو زیادہ عرصہ استعمال کرنے نہیں دیتی اسی طرح اگر کوئی ایکٹریس آج اپنی خوبصورتی کی بنیاد پر بہت کام لینے میں کامیاب ہو جاتی ہے لیکن پھر چند برسوں میں اُس کے حسن کو زوال آجاتا ہے اور اُسے کام ملنا بند ہو جائے گا اسی طرح اگرایک شخص کسی سے بے انتہا محبت کرتا ہے چاہے وہ اس کے ماں باپ ہوں بہن بھائی، بیوی بچے یا کوئی اور تو ہر صورت میں ایک وقت آنا ہے جب وہ اس سے جدا ہو جاتے ہیں، یعنی اس دنیا کی ہر نعمت اور ہر خواہش انسان کی زندگی کے ساتھ مشروط ہے اور اس زندگی کو دوام نہیں.

جبکہ انسان اپنی آدھی سے زیادہ زندگی جوان ہونے اور جدوجہد کرنے میں گزار دیتا ہے اور جب وہ اپنی خواہشات کو حاصل کر لیتا ہے تو وہ بڑھاپے کے اس حصے میں قدم رکھ چکا ہوتا ہے جس میں وہ خود دوسروں کا محتاج ہو جاتا ہے۔ اس لئے خالق کائنات نے انسان کو زندگی کے ان تمام مقاصد سے اعلیٰ و ارفع ایک مقصد دیا ہے اور وہ ہے اس کی عبادت ، اُسکی اور اس کے حبیبؐؐ کی اطاعت اور تیسری چیز اسکے بندوں کی خدمت ہے اور یہ انسان کی زندگی کے سب سے اعلیٰ مقاصد ہیں، اس مقصد میں کیا گیا ہر کام ہمیشہ رہنے والا ہے اس کو زوال نہیں ہے، یہ اس کے نامہ اعمال میں محفوظ ہوتا رہتا ہے جسکا صلہ اس کو ہمیشہ کی اچھی زندگی کی صورت میں ملے گا۔ 

اسلئے بہترین زندگی یہ ہے کہ ایک انسان اپنے آپ کو خلق خدا کی خدمت کیلئے وقف کر دے اور ہر وہ کام کرے جو انسانوں کی بھلائی کا ہو اور اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پہچانے اور اس کے مطابق عوام ا لناس کی فلاح و بہبود کا کام کرے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے، زندگی کا مقصد صرف مال کمانا اور اپنی اولادوں کیلئے جمع کرنا نہیں ہے بے شک اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے روزگار اپنانا پڑتا ہے لیکن یہ طرز عمل بالکل درست نہیں کہ وہ قناعت نہ کرے اور مرتے دم تک صرف مال و دولت بڑھانے کی فکر میں رہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اصل مقصد حیات پر غور کریں اور اس کے مطابق زندگی گزارنے کی فکر کریں۔

عمیر احمد قادری


 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments