Ticker

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

کامیابی کے بارے میں غلط فہمیاں

کامیابی کے متعلق بہت سی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں جن میں سے چند اہم غلط فہمیاں درج ذیل ہیں۔ 

کامیابی کا معیار سب کے لیے یکساں: عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ ہر شخص کے لیے کامیابی ایک جیسے معانی رکھتی ہے، اس کا جواب میرے خیال میں بہت سادہ سا ہے کہ ہر کسی کے نزدیک کامیابی کا اپنا ہی معیار ہے۔ ہم سب ایک دوسرے سے منفرد ہیں چنانچہ اپنی اپنی زندگی میں ہماری توقعات بھی ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہر ایک کے لیے کامیابی کی اپنی ہی تعریف متعین ہو گی۔ کامیابی یا ناکامی کے تصور کو صحیح طور پر جانچنے کا آسان طریقہ تو یہ ہے کہ متعلقہ شخص ہی سے دریافت کر لیا جائے اور پھر دیکھ لیا جائے کہ اس نے زندگی سے وہ سب کچھ حاصل کر لیا ہے جو کرنا چاہتا تھا، مثلاً سکون، محبت، شہرت، دوست، عزت، خوشی، تعلیم، مرضی کی نوکری، پیشہ ورانہ ترقی، گھربار وغیرہ تو وہ کامیاب کہلائے گا۔

پیدائشی کامیاب لوگ: لوگ پیدائشی کامیاب ہوتے ہیں، بنائے نہیں جاتے، یہ بات پائی جانے والی بڑی غلط فہمیوں میں سے ایک ہے اور ہم میں سے اکثر لوگ اسے اپنی ناکامیوں کے لیے جواز کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا لوگ پیدائشی کامیاب ہوتے ہیں یا بعد میں بنتے ہیں اور کیا کامیابی کے لیے درکار صلاحیتیں یا ہنز سیکھے جا سکتے ہیں یا وراثت میں ملتے ہیں۔ یہ بحث تو ہمیشہ سے چلتی آئی ہے۔ کامیابی کے لیے درکار صلاحیتیں اور مہارتیں اگرچہ بہت سے لوگوں کو قدرت کی طرف سے تحفے کے طور پر ملتی ہیں لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ لوگ کامیاب بھی ہو جائیں گے۔ کامیابی تو ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے۔ یہ ایک سفر اور ایک طرز زندگی ہے۔ قدرتی مہارتیں، صلاحیتیں یا ہنرمندیاں وہاں کیا کریں گی جہاں کسی کو ان کا احساس ہی نہ ہو اور دوسری طرف اگر کوئی ان کا احساس کر بھی لے لیکن اسے یہ ہی پتہ نہ ہو کہ زندگی میں کرنا کیا ہے تو تب بھی یہ تمام ہنرمندیاں، مہارتیں یا صلاحیتیں بیکار ہی جائیں گی۔

کھلاڑیوں ہی کی مثال لیں۔ بعض کھلاڑی قدرتی صلاحیت لے کر پیدا ہوتے ہیں، انہیں کچھ مزید معاشرتی و مالی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں لیکن دوسرے اپنے کھیل کو اپنی قوت ارادی یا سخت محنت کے ساتھ پروان چڑھاتے اور ان پر بازی لے جاتے ہیں۔ پیدائشی صلاحیت کا ہونا یا نہ ہونا صرف نقطہ آغاز ہوتا ہے۔ اس سے آگے کامیابی کا انحصار فرد کی اپنی خواہش اور لگن پر ہے کہ اسے بہتر بنا سکے یا پروان چڑھا لے۔ دیکھا گیا ہے کہ شاندار خداداد صلاحیت لے کر پیدا ہونے والے بعض کھلاڑی اپنے اس سرمایے کو استعمال میں نہیں لاتے جبکہ کچھ اور کھلاڑی بہت تھوڑی قدرتی صلاحیت کے باوجود محنت اور لگن کی بدولت حیران کن کامیابیاں حاصل کر لیتے ہیں۔ 

کامیاب لوگ چند ایک: اگرچہ یہ درست ہے کہ پوری دنیا میں مشہور ہونے والے عظیم افراد اور بڑے کاروباری افراد کم ہی پائے جاتے ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ معاشرے کی ہر سطح پر عظیم کامیابیاں حاصل کرنے کی کہانیاں بھی پائی جاتی ہیں۔ ایسی کہانیاں تمام پچھلے وقتوں سے موجود رہی ہیں اور آنے والے ہر دور میں پائی جاتی رہیں گی۔ پاکستان جیسا ملک بھی انفرادی کامیابی کی ایسی داستانوں سے بھرا پڑا ہے، اگرچہ ان کامیاب افراد میں سے زیادہ تر اپنی زندگیاں گمنامی کے اندھیروں میں گزار دیتے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر ایسے لوگ بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ بظاہر یہ ممکن ہے کہ ان افراد کی کامیابی کا ان کے معاشرے میں ظاہری حیثیت سے بالکل بھی تعلق نہ ہو۔ یہ تو طے ہے کہ کامیابی کی تعریف ہر ایک کے لیے مختلف ہے چنانچہ یہ ایک بڑی سچائی ہے کہ اس قسم کے کامیاب افراد نے شہرت اور پیسے کے پیچھے مرنے کے بجائے محبت، عزت اور خدمت کو اپنا شعار بنائے رکھا۔ 

امیر لوگ کامیاب ہوتے ہیں: کامیابی کے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں میں سے ایک اور غلط فہمی یہ ہے کہ کامیاب ہونے یا کہلانے کے لیے بہت دولت مند ہونا ضروری ہے۔ کیا قائداعظمؒ اور عبدالستار ایدھی اپنے دور کے کامیاب افراد نہیں سمجھے جاتے! اس کی وجہ بہت سادہ ہے کہ انہوں نے اپنی زندگیوں میں وہی کیا جو وہ کرنا چاہتے تھے۔ تاریخ میں ان افراد کو جو مقام اور مرتبہ ملا اس کی بنیاد پر انہوں نے دولت اکٹھی نہیں کی۔ ان کے نزدیک کامیابی سے مراد دولت کا حصول نہ تھا۔

فائزہ سیال
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments