Ticker

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

پریشانی یا گھبراہٹ سے بچانے والی غذائیں

ہم جو کچھ کھاتے ہیں اس کا ہمارے جسم پرہی نہیں بلکہ نفسیات پر بھی اثر ہوتاہے۔ بعض اوقات ٹھنڈے میٹھے آم کھا کر آپ کا موڈ اچھا ہو جاتا ہے اور کبھی انگور آپ کی طبیعت ہشاش بشاش کر دیتے ہیں۔ اگر آپ کو ذہنی پریشانی یعنی انزائٹی ہے تو اس کے لیے چند غذائیں ہیں، جو اس کو دور کرنے میں مدد کرتی ہیں لیکن پہلے ہم انزائٹی کے بارے میں کچھ جانتے ہیں۔ انزائٹی کو غیر یقینی کیفیت یا کچھ ناخوشگوار واقع ہونے کا ڈر کہا جا سکتا ہے۔ اردو میں انزائٹی کے لیے بے چینی، پریشانی یا گھبراہٹ جیسی اصطلاحات استعمال ہوتی ہیں۔ ہم سب مختلف وقتوں میں بے چینی کے تجربے سے گزرتے ہیں، جس سے ہمارا دماغ ہمیں خطرات یا مشکل حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرتا ہے مگر بعض اوقات بے چینی نہایت شدید یا حد سے زیادہ ہو سکتی ہے، جس سے ذہنی اور جسمانی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں۔ 

انزائٹی ایک نفسیاتی اور ذہنی کیفیت کا نام ہے، جس سے بڑی عمر کے افراد کے علاوہ نوجوان بھی متاثر ہیں۔ دنیا بھر میں یہ مرض عام ہے۔ ایک نظرئیے کے مطابق یہ ڈیپریشن کی ہی قسم ہے، صرف اس کی چند ایک علامات مختلف ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کیفیت میں مبتلا رہنے میں انسان کے اردگرد کا ماحول اور اس کی اپنی ذہنی صلاحیت کا زیادہ عمل دخل ہوتا ہے۔ یہ کیفیت عمر کے کسی حصے میں بھی آشکار ہو سکتی ہے یعنی اوائل عمری سے ساٹھ ستر برس کے عرصے میں کسی بھی وقت حملہ آور ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق عموماً وہ بچے، جنہیں گھر میں نارمل ماحول میسر نہ آئے یا وہ کسی بھی خوف میں مبتلا رہے ہوں، ان میں انزائٹی کا مرض زیادہ پایا جاتا ہے۔ اکثر والدین بچوں کو خوفزدہ رکھتے ہیں، جو کہ ایک غلط طرز عمل ہے۔ ایسا کرنے سے بچہ نہ صرف احساس کمتری میں مبتلا ہو جاتا ہے بلکہ یہ خوف تاعمر اس کی شخصیت کو کمزور بنانے کا سبب بنتا ہے اور آہستہ آہستہ یہ خوف شخصیت کا جزو بن جاتا ہے۔ جب بھی اسے زندگی میں کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو یہ مرض شدت اختیار کر لیتا ہے۔

انزائٹی کی صورت میں مریض مخمصے کا شکار ہوتا ہے، وہ بے چینی اور گھبراہٹ محسوس کرتا ہے۔ دل کی دھڑکن بہت تیز ہو جاتی ہے اور رنگت بھی پیلی محسوس ہوتی ہے، مریض کو انجانا سا خوف اور خدشات گھیر لیتے ہیں۔ اکثر اوقات انزائٹی کی وجہ سے سر میں بھاری پن محسوس ہوتا ہے، اس کے علاوہ دیگر کیفیات میں ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہو جانا، متلی کی کیفیت، کندھوں اور پٹھوں میں کھنچاؤ، جلن اور تیزابیت ہونا یا طبیعت میں غصہ اور چڑچڑاپن آجانا شامل ہیں۔
علاوہ ازیں مریض منفی سوچ میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ اسے اردگرد کا ماحول اور لوگ اجنبی محسوس ہوتے ہیں حتیٰ کہ مریض اپنے ہی گھر سے دور بھاگنے کی کوشش کرتا ہے۔ 

عام شور اسے بُرا لگتا ہے اور وہ خود کو بیکار یا فالتو سمجھنے لگتا ہے۔ اس کا کسی کام میں جی نہیں لگتا، اکثر سوتے میں ڈر جاتا ہے۔ رش والی جگہوں، اندھیرے اور بند کمرے سے خوف محسوس کرتا ہے۔ مریض پر ہوش کی بجائے جوش کی کیفیت نمودار ہو جاتی ہے۔ عموماً ایک حساس شخص کو انٹرویو کے دوران، جہاز میں سفر کرتے ہوئے، کسی انجانی اور بڑی کامیابی پر یا کسی خاص شخصیت سے ملاقات کرنے کی صورت میں انزائٹی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے بچے جن کے والدین میں ناچاقی زیادہ رہتی ہو، تنہا یا اکیلے رہنے والے افراد، ماں باپ کا بیجا لاڈ پیار یا بچے کو مکمل طور پر نظرانداز کرنے، اپنے ہم عمر ساتھیوں سے ملنے جلنے سے روکنا یا لوگوں میں بچوں کو گھلنے ملنے نہ دینے کی صورت میں وہ انزائٹی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ماہرین نےکچھ غذائوں کو تجویز کیاہے، جو انزائٹی دور کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔

انزائٹی سے بچانے والی غذائیں
چاکلیٹ
براؤن چاکلیٹ کی اہم خوبی یہ ہے کہ اس سے بلڈ پریشر نارمل رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ جسم میں موجود ’ پولی فینول ‘ کو بڑھاتی ہے، جو خون میں موجود آکسیجن کی روانی کو بڑھا دیتا ہے۔ چاکلیٹ کھانے سے ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے کیونکہ برائون چاکلیٹ دماغ میں ’ سیروٹونین ‘ پیدا کرتا ہے، جس سے انسان کے اندر تازگی کا ایک احساس پیدا ہوتا ہے اور انسان ذہنی دباؤسے آزاد ہو جاتا ہے۔

ایواکاڈو
ہسٹیریا ، ذہنی دبائو اور بلڈ پریشر جیسے امراض کا شکار لوگوں کو ایواکاڈو کا استعمال یقینی بنانا چاہئے ۔ ایوا کاڈو پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے ، بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے اور دوران خون کو مسلسل اعتدال میں رکھتا ہے۔

سبزیاں
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ کچی سبزیوں اور پھلوں کا باقاعدہ استعمال ڈپریشن اور ذہنی تناؤ کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اگرچہ روایتی ماہرین غذائیات روزانہ 5 مرتبہ خاص انداز میں پھل اور سبزیاں کھانے پر زور دیتے ہیں لیکن جب بات ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کی ہو تو اس کے شکار افراد اپنی خوراک میں ان کا مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔ کچی سبزیاں اور پھل براہ راست انسانی موڈ پر اثرانداز ہوتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ سبزیوں کو پکانے، بھوننے اور گرم کرنے سے ان کے اندر کئی اہم غذائی اجزاء ضائع ہو سکتے ہیں۔

ہلدی
ذہنی تناؤ، اداسی اور ڈپریشن جدید دور کا ایک بڑھتا ہوا عفریت ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ 500 ملی گرام سرکومن ( جو دو چمچ ہلدی میں ہوتا ہے) کھانے سے عین وہی اثر ہوتا ہے، جو مشہور دواؤں پروزیک اور فلوکسیٹائن کھانے سے ہوتا ہے۔ اس طرح ہلدی ڈپریشن کا قدرتی اور فطری علاج ہے۔ دماغ کی سوز ش اور الزائمر جیسی بیماریوں کیلئے ہلدی مفید ہے۔ ہلدی دماغ کی مجموعی صحت کا خیال رکھتی ہے اور دماغ میں آکسیجن کی فراہمی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔


سویا بین
کسی بھی طرح کے دماغی امراض کے لیے سویا بین کا استعمال کافی مفید ہوتا ہے۔ یہ دماغی توازن کو بہتراور دماغ کو تیز کرنے کا کام کرتا ہے۔

فاروق احمد انصاری

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments