Ticker

6/recent/ticker-posts

مثبت عادات کے زندگی پر اثرات

مثبت عادات اپنانے کے مثبت فوائد ہیں۔ مثبت عادت وہ ہے جس سے آپ کا معیارِ زندگی تبدیل ہو۔ اگر کسی عادت سے آپ کو ذہنی طور پر نقصان پہنچ رہا ہے تو بہتر ہے کہ اسے فوری طور پر ترک کر دیا جائے وگرنہ عادت اگر پختہ ہو جائے تو پھر مشکل سے ہی چھوٹتی ہے۔ انگریزی میں ایسے ہی نہیں کہتے ''پرانی عادات مشکل سے ہی جاتی ہیں۔ تجربہ یہ کہتا ہے کہ انسان جب چاہے کسی بھی عادت کو ترک کر سکتا ہے اور کوئی بھی نئی عادت اپنا سکتا ہے۔ اس کی صرف ایک شرط ہے اور وہ ہے عادت چھوڑنے کی معقول وجہ۔ اب اس پر غور کرنا ہو گا کہ معقول وجہ کیا ہو سکتی ہے؟ ایک تو یہ وجہ ہو سکتی ہے کہ آپ اپنی کسی عادت کی وجہ سے نقصان اٹھا رہے ہوں اور آپ کو یقین ہو جائے کہ اگر آپ نے یہ عادت نہ چھوڑی تو آپ کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔ دوسری وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ اس عادت کی وجہ سے آپ پر مایوسی اور یاسیت طاری ہو جائے اور آپ اُداسی کا مجسمہ بن جائیں۔ منفی عادات چھوڑنے کیلئے آپ اپنے دوستوں سے بھی مشورہ کرسکتے ہیں بشرطیکہ دوست دانش مند ہوں۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہفتے میں تین بار وزن اٹھانا بہت کارآمد ہو سکتا ہے۔ اس سے آپ کی ہڈیاں درست رہ سکتی ہیں، آپ کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں، آپ جسمانی طور پر توانا محسوس کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کے زخمی ہونے کے امکانات کم سے کم ہو جاتے ہیں کبھی کبھی وزن اٹھانے سے اتنا فرق نہیں پڑتا کیونکہ پٹھوں کی مضبوطی کے لئے تسلسل سے وزن اٹھانا چاہئے ہمیں روزانہ تین یا چار ترجیحات پر توجہ مرکوز کرنا چاہئے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ اگر نتائج حاصل کرنے ہیں تو ہماری تمام تر توجہ اپنے مقصد کے حصول پر ہونی چاہئے۔ اگر آپ یہ عادات اپنا لیں کہ آپ نے ہر معاملے پر فوکس کرنا ہے تو اس کے نہایت شاندار نتائج برآمد ہوں گے۔ اب مکمل طور پر فوکس کیسے کیا جا سکتا ہے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنی آپشنز کو محدود کر لیں۔ روزانہ ایک گھنٹہ مطالعہ کریں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ اتنے مصروف ہوں کہ مطالعہ نہ کر سکتے ہوں۔ یا آپ مطالعہ کرنا پسند ہی نہ کرتے ہوں۔ 

لیکن آپ کو یہ بات ذہن میں بٹھا لینی چاہئے کہ مطالعہ آپ کے ادراک کیلئے ضروری ہے۔ مطالعہ کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے آپ کی فکری توانائی کی تعمیر ہوتی ہے اور آپ بہتر ادیب بن سکتے ہیں لیکن اگر آپ ان دلائل سے متاثر نہیں ہیں تو کوئی بات نہیں۔ بہت سے لوگ ایسے ہیں جو مطالعہ کرنا نہ پسند کرتے ہیں اور نہ اسے ضروری سمجھتے ہیں لیکن آپ ایک کام کر سکتے ہیں آپ لطف اندوز ہونے کے لئے مطالعہ کریں اور پھر ایک دن ایسا آئے گا کہ آپ کو مطالعہ کی عادت پڑ جائے گی۔ ایک اور بات بہت ضروری ہے کہ رات کو سات سے آٹھ گھنٹے تک سوئیں۔ کچھ لوگ ایسے ہیں جو کسی بھی صورت اپنی نیند قربان کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ اگر انہیں اگلے دن صبح کسی نہایت ضروری کام کیلئے جانا ہو تو وہ پھر بھی اپنی نیند پوری کرتے ہیں اور اس کے لئے وہ ضروری کام پر بھی نہیں جاتے۔ کچھ لوگ رات کو پانچ گھنٹے بھی سوئیں تو اگلے دن وہ معمول کے مطابق اپنا کام کرتے ہیں لیکن ہم میں سے اکثریت ان لوگوں کی ہے جنہیں زیادہ نیند کی ضرورت ہے۔ 

اگر آپ کی یہ خواہش ہے کہ صبح آپ نے بہت ضروری جاگنا ہے تو رات کو جلد سو جائیں۔ روزانہ 30 منٹ تک پیدل چلیں اگر آپ یہ نہیں کر سکتے تو اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ آپ کو اپنی زندگی پر کوئی کنٹرول نہیں۔ پیدل چلنے سے آدمی متحرک رہتا ہے اور ایسا کرنا آپ کے لئے بہت مفید ہے آپ اکیلے بھی پیدل چل سکتے ہیں اور کسی کے ساتھ بھی۔ پیدل چلنے سے آپ کے حواس بھی درست کام کرتے ہیں۔ اگر آپ کسی کے ساتھ پیدل چل رہے ہیں تو آپ اس کے ساتھ گفتگو بھی کر سکتے ہیں اس طرح آپ کا یہ پیدل سفر آسانی سے کٹ سکتا ہے اور آپ اپنے پارٹنر کومختلف موضوعات پر وہ معلومات دے سکتے ہیں جو اس کے پاس پہلے نہیں۔ اسی طرح آپ کا پارٹنر بھی آپ کے علم میں اضافہ کر سکتا ہے۔ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے ہماری توجہ موجودہ لمحات سے ہٹ جاتی ہے جو ہر لحاظ سے غلط ہے۔ ہمیں اپنے حال سے پوری طرح لطف اندوز ہونے کی عادت اپنانی چاہئے۔ 

اگر آپ یہ نہیں کرتے تو یاد رکھئے یہ آپ کی بہت بُری خامی ہے۔ ہمیں روزانہ یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ آج کے دن ہم نے لطف اندوز ہونا ہے اور اس کے لئے موجودہ لمحات کو ضائع نہیں کرنا۔ محبت کرنا سیکھئے اور نفرت کو اپنے پاس نہ پھٹکنے دیں۔ اپنی آمدنی کا 30 فی صد بچا کے رکھیں۔ اگر آپ 30 فی صد نہیں بچا سکتے تو پھر 10 فی صد بچا ئیں۔ آپ غیر ضروری چیزوں پر خرچ کرنا بند کریں۔ یہ وہ مثبت عادات ہیں جنہیں اپنا کر آپ اپنی زندگی میں ایسی تبدیلیاں لا سکتے ہیں جو آپ کو حقیقی مسرت سے ہمکنار کر دیں گی۔

خالد وحید

بشکریہ دنیا نیوز

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments