سیاہ حلقے کسی بھی آنکھ کی خوبصورتی کے دشمن قرار دیے جاتے ہیں۔ آپ کی آنکھیں چاہے کتنی ہی دلکش کیوں نہ ہوں، اگر ان کے نیچے سیاہ حلقے موجود ہیں تو ان کی موجودگی آنکھوں کی دلکشی ماند کر سکتی ہے۔ طبی ماہرین آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کی کئی اور مختلف وجوہات بیان کرتے ہیں ، تازہ ترین غیر ملکی تحقیق کی روشنی میں تحقیق کار آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا ذمہ دار ان افراد کی جینز کو ٹھہراتے ہیں، جن کی جِلد پتلی یا زرد ہوتی ہے۔ کیا آپ نے کبھی جاننے کی کوشش کی کہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے کیوں بنتے ہیں ؟ آئیے آج بات کرتے ہیں سیاہ حلقوں کی وجوہات پر۔
تھکاوٹ
سیاہ حلقوں کا پہلا سبب تھکاوٹ اور نیند کی کمی ہے جس کا ذکر سائنسدان بیشتر مرتبہ اپنی تحقیقات میں بھی کر چکے ہیں ۔ وہ افراد جومسلسل تھکاوٹ یا ذہنی تناؤ کا شکار رہتے ہیں ان کی آنکھوں کے گرد خون کی گردش سست ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں خون آنکھوں کے پپوٹوں کے نیچے جمع ہونے لگتا ہے اور گہرے حلقے نمایاں ہو جاتے ہیں یا وہ جگہ پھولی ہوئی نظر آنے لگتی ہے۔ اس لیے غذائی ضروریا ت کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ ذہنی تنائو یا پریشانی سے بھی بچنا چاہیے۔
نیند کی کمی اور زیادتی
انسان کی روزمرہ عادات بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا سبب بن جاتی ہیں، ان میں سے ایک وجہ نیند کی کمی اور زیادتی بھی ہے۔ رات دیر تک جاگتے رہنے اور اپنے ذہن کے ساتھ آنکھوں کو بھی تھکانے کے باعث آنکھوں کے گرد حلقے بن جاتے ہیں۔ اگر آپ ان حلقوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں توآپ کو اپنے نیند کے دورانیے پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ آپ روزانہ چھ سے آٹھ گھنٹے سونا اپنا معمول بنا لیں۔ دوسری جانب ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو لوگ زیادہ وقت بستر پر گزارتے ہیں، ان کا یہ عمل چہرے پرسیال مادہ کے اجتماع کا باعث بنتا ہےاور یہ سیال مادہ بعد میں سیاہ حلقوں کی صورت اختیار کر جاتا ہے۔
عمر
چونکہ آنکھ کی جِلد پتلی اور نازک ہوتی ہے، ماہرین اس کی وجہ چربی والے ٹشوز کا نمایاں ہونا قرار دیتے ہیں، جو کہ جِلد کے ٹشوزکی باریکی کی وجہ سے واضح ہو جاتے ہیں۔ عمر زیادہ ہونے سے ایسے حلقے ہو جانا قدرتی بات ہے۔
آئرن کی کمی
اگر آپ کی روززمرہ خوراک میں آئرن کی مناسب مقدار شامل نہیں ہے تو آپ کی آنکھوں کے سیاہ حلقوں کی وجہ آئرن کی کمی کو بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر خوراک میں آئرن (فولاد) کی کمی ہوتو انیمیا ہو جاتا ہے ، جس سے جسم اور آنکھوں کو صحیح مقدار میں آکسیجن نہیں مل پاتی، جو کہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا باعث بنتی ہے۔
موروثی
ماہرین سیاہ حلقوں کی وجہ موروثی بھی قرار دیتے ہیں۔ موروثی طور پر خون کی رگیں جِلد کے قریب ہونے کی وجہ سے گہرے حلقے مستقل آنکھوں کے گرد رہتے ہیں ۔
آنکھوں کو بار بار مسلنا
بعض خواتین حتیٰ کہ مرد حضرات بھی آنکھوں کو بار بار مسلتے ہیں۔ آنکھوں کو مسلنے سے ننھی شریانیں متاثر ہوتی ہیں، جس سے بدنما حلقے نمایاں ہوتے ہیں۔ آنکھوں کی پُتلی نازک ہونے کے سبب زیادہ نگہداشت چاہتی ہے، چنانچہ آنکھوں کو مسلنے کے بجائےان کا بہت خیال رکھیں ۔
زیادہ وقت دھوپ میں گزارنا
ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ دھوپ میں زیادہ وقت گزارتے ہیں، ان کا جسم زیادہ میلانن (رنگدار مادہ) بناتا ہے جو کہ آنکھوں کے اردگرد سیاہ حلقوں کا باعث ہوتا ہے۔
زیادہ نمک اور پانی کی کمی
ڈاکٹرز کی رائے کے مطابق نمک کا زیادہ استعمال آنکھوں کے نچلے حصے کو پھلا دیتا ہے۔ کم نمک والی غذا آنکھوں کے نیچے سیال کے اکھٹا ہونے کی مقدار کو کم کرتی ہے۔ اسی طرح کیفین اور چینی کے استعمال میں بھی کمی لانا چاہئے، جس سے ڈی ہائیڈریشن کا امکان کم ہوتا ہے۔ دن میں کم سے کم آٹھ سے دس گلاس پانی لازمی پئیں کیونکہ پانی کی کمی اورنمک کے زیادہ استعمال سے بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے پڑ جاتے ہیں۔
رابعہ شیخ
بشکریہ روزنامہ جنگ
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.
0 Comments