دنیا میں ایسے خوش قسمت لوگ بہت کم ہیں جن کی شخصیت میں ایسی مقناطیسی کشش ہوتی ہے کہ جو کوئی بھی انہیں دیکھتا ہے ان کی طرف کھنچا چلا جاتا ہے۔ کبھی کبھی ہمیں بہت غصہ آتا ہے کہ فلاں شخص کی طرف لوگ اتنی زیادہ توجہ کیوں دیتے ہیں حالانکہ جو خوبیاں اس میں ہیں وہ تو ہم میں بھی موجود ہیں لیکن ہماری طرف توجہ نہیں دی جاتی۔ اگر کوئی شرمیلا شخص اس قسم کے جذبات رکھتا ہے اور اپنا مقابلہ کسی ایسے شخص سے کرتا ہے جو پُرکشش یا مقناطیسی شخصیت کا مالک ہے تو یہ اس کی بہت بڑی غلطی ہے۔ ایک شرمیلے اور نروس شخص کو کبھی اس قسم کے حسد، نفرت اور منفی جذبات کو اپنے دل میں جگہ نہیں دینی چاہیے۔
آپ کو یہ دیکھ کر خوش ہونا چاہیے کہ ایک شخص لوگوں میں اتنا زیادہ مقبول ہے۔ یاد رکھیں کہ پُرکشش شخصیت کے مالک لوگوں میں کوئی نہ کوئی خاص کشش ضرور ہوتی ہے۔ اگر آپ حسد اور نفرت کو چھوڑ کر ان پُرکشش لوگوں کا مطالعہ کریں تو اس سے آپ کو اپنی شخصیت کو بہتر بنانے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ کسی مکمل شخصیت کی بندر کی طرح نقل کرنا یقینا ایک احمقانہ بات ہے اور ایسا کبھی نہیں کرنا چاہیے لیکن اگر آپ دوسروں کی شخصیت کے اچھے پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی شخصیت کے کمزور پہلوؤں کی اصلاح کر لیں تو یہ بہت ہی اچھی بات ہے۔
اگر کوئی شخص انتہائی پُرکشش اور مقناطیسی شخصیت کا مالک ہے تو ایک شرمیلے اور حساس شخص کو ہرگز غم زدہ نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی خود کو کمتر محسوس کرنا چاہیے۔ یاد رکھیں کہ شخصیت کی اس قسم کی مقناطیسی کشش ایک قدرتی چیز ہے بالکل اسی طرح جیسے ایک حقیقی فن کار میں پیدائشی طور پر فن کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔ ہمیں زندگی کی تمام خوبصورت اور حسین چیزوں کی قدر کرنی چاہیے۔ ہمیں ان لوگوں کی بھی قدر کرنی چاہیے جنہیں ان کے بے پناہ حسن نے دوسرے لوگوں سے ممتاز کر دیا ہے۔ ہمیں ایسے پُرکشش لوگوں سے حسد نہیں کرنا چاہیے بلکہ ان کی تعریف کرنی چاہیے۔
وقار عزیز
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.
0 Comments