حساس افراد انہیں کہا جاتا ہے جو خارجی یا داخلی عوامل پر حد درجہ جسمانی، ذہنی اور جذباتی ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ حساس ہونا کئی حوالوں سے مثبت ہے۔ مثلاً ایسے افراد میں ہمدردی، وجدان اور دوسروں کی ضروریات کو سمجھنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے۔ تاہم زیادہ حساسیت صحت، خوشی اور کامیابی کو متاثر بھی کرتی ہے اور تعلقات میں رخنہ ڈالنے کا سبب بھی بنتی ہے۔ ذیل میں حساس افراد میں پائی جانے والی ان علامات کا ذکر کیا جا رہا ہے جو منفی اثر ڈالتی ہیں۔ انہیں تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
اپنے بارے میں: ایسے افراد کو منفی خیالات اور جذبات سے چھٹکارا پانے میں عموماً دشواری ہوتی ہے۔ کسی غیرخوش کن صورت حال میں انہیں جسمانی علامات ظاہر ہوتی ہیں مثلاً سردرد ہو جاتا ہے۔ برے دنوں میں ان کی خوراک اور نیند متاثر ہوتی ہے۔ توقع پر پورا نہ اترنے پر ان میں اپنے آپ کو کوسنے کا رجحان ہوتا ہے۔ چھوٹے چھوٹے معاملات پر بھی انہیں رد کیے جانے سے ڈر لگا رہتا ہے۔ یہ دوسروں سے اپنا تقابل کرتے ہیں (جسمانی، مالی، سماجی وغیرہ) اور اگر کمتر محسوس کریں تو ان میں منفی جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ سماج میں ناانصافی، زیادتی یہاں تک کہ کسی برہمی پر یہ سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہیں۔
دوسروں کے بارے میں: دوسرے کیا سوچ رہے ہیں یہ بات انہیں اکثر پریشان کرتی ہے۔ باہمی معاملات کو ذاتی بنا لیتے ہیں۔ اگر کوئی چھوٹا سا ناخوشگوار واقعہ ہو جائے، اسے بھلانا مشکل ہو جاتا ہے۔ آسانی سے دکھی ہو جاتے ہیں۔منفی جذبات کو دوسروں سے چھپا کر رکھتے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں ظاہر ہونے پر یہ شرمندگی کا باعث بنیں گے۔ تنقیدی تبصروں کو تسلیم کرنے میں انہیں مشکل ہوتی ہے، چاہے وہ معقول اور تعمیری ہی کیوں نہ ہوں۔ دوسروں کے بارے خیال کرتے ہیں کہ وہ ان کے بارے کوئی رائے قائم کیے ہوئے ہیں، چاہے اس کے شواہد موجود نہ ہوں۔ رومانوی تعلقات میں دوسرے کی پسند و ناپسند کے بارے بہت پریشان رہتے ہیں اور انکار سے ڈرتے ہیں۔
ماحول کے بارے میں: مجمع میں بے چین ہو جاتے ہیں۔ زیادہ روشنی، آواز یا بعض خوشبوئیں انہیں مضطرب کرتی ہیں۔ اچانک شور یا ہنگامی صورت حال پر حواس باختہ ہو جاتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ میں منفی خبریں انہیں پریشان کرتی ہیں۔
پرسٹن نی
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.
0 Comments