Ticker

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

چہل قدمی کریں صحت مند رہیں

ماہرینِ صحت کے مطابق وہ شخص جسمانی طور پر کبھی بوڑھا نہیں ہو سکتا جو ورزش اور پیدل چلنے کو اپنی روز مرہ زندگی میں شامل کر لے۔ بلاشبہ یہ بات 100 فیصد درست ہے۔ آپ بیرونِ ممالک ان افراد کو دیکھ لیں جو زیادہ تر کاموں کیلئے پیدل چلنے کو ترجیح دیتے ہیں ، وہاں بڑی عمر کے افراد بھی ہمارے ملک کے جوانوں کی نسبت زیادہ صحت مند نظر آئیں گے۔ ہم چند قدم کا فاصلہ بھی گاڑی، بائیک یا کسی سواری پر بیٹھ کر طے کرتے ہیں جبکہ بیرون ممالک لوگوں کا معمول ہے کہ کئی کلومیٹر دور دفتروں میں جانے کیلئے بھی وہ پیدل چلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہر عمر کے افراد کی صحت کیلئے پیدل چلنا بے حد ضروری ہے اس سے آپ کے پورے جسم کی ورزش ہو جاتی ہے ٹانگیں مضبوط رہتی ہیں، دل صحت مند ہوتا ہے اور پورے جسم میں خون کی روانی مناسب رہتی ہے۔

وہ افراد جو روزانہ چہل قدمی نہیں کرتے انہیں چاہیے کہ اپے معمولات میں پیدل چلنا شامل کریں اور جو افراد اپنی صحت کا پہلے سے خیال رکھ رہے ہیں انہیں ہم چہل قدمی سے متعلق چند مزید اہم معلومات دے رہے ہیں تا کہ اگر وہ درج ذیل میں سے کوئی چھوٹی غلطی کر بھی رہے ہیں تو اس کے بارے میں جان لیں۔ اگر آپ تیز چلنے کے عادی ہیں تو کوشش کریں کہ اپنا سر، کندھے اور جسم جس حد تک ممکن اور مناسب ہو سیدھا رکھ کر چلیں۔ آپ کی جسمانی بناوٹ اور پٹھوں کے لیے جسم کو سیدھا رکھنا ضروری ہے۔ جھُکے ہوئے اور ڈھیلے جسم کے ساتھ آپ وہ فائدہ حاصل نہیں کر سکتے جو جسم کو سیدھا کر کے چلنے سے آپ کو پہنچے گا۔ پیدل چلنے کے دوران سب سے اہم چیز جس کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے وہ آپ کے جوتے ہیں۔ ہمیشہ اپنے پائوں کے سائز کے آرام دہ جوتے پہن کر چلیں۔ اس سے آپ کو نہ تھکاوٹ کا احساس ہو گا اور نہ آپ کے پائوں تھکیں گے، لیکن اگر آپ چلتے ہوئے اپنے سائز سے بڑے، چھوٹے یا قدرے سخت جوتے کا انتخاب کر رہے ہیں تو یاد رکھیں کہ آپ کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سخت جوتا پائوں کو زخمی کر سکتا ہے جس کے باعث آپ کو چلنے میں دشواری کا سامنا رہے گا۔ جوتا پائوں میں ٹھیک سے پورا نہ آئے تو چال متاثر ہوتی ہے اور ٹانگ یا کمر کے پٹھے کھنچنے کا بھی اندیشہ رہتا ہے ۔ اس کے علاوہ شوگر کے مریضوں کے لیے سب سے خطر ناک پائوں کا زخم ہوتا ہے جو لمبے عرصے تک تکلیف بھی دیتا ہے اور جلد بھرتا بھی نہیں ۔ بڑی عمر کے افراد کو بھی خاص طور پر چہل قدمی کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ جوتوں کیساتھ ساتھ اپنے کپڑوں کا بھی خاص خیال رکھیں۔ سوتی کپڑے پہننے کو ترجیح دیں تا کہ پسینہ جذب ہو سکے۔ پسینہ آنے کی صورت میں ریشمی کپڑے آپ کے جسم پر الرجی پیدا کر سکتے ہیں۔ ہمیشہ پیدل چلتے ہوئے اپنے ہمراہ پانی کی بوتل رکھیں اور سانس چڑھنے یا زیادہ پسینہ آنے کی صورت میں ایک ایک گھونٹ پانی پیتے رہیں۔

مبین ملک

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments