Ticker

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

منفی سوچ کیسے بدلیں؟

ہمیں اپنے ارد گرد مختلف النوع شخصیت کے لوگ ملتے ہیں۔ ان میں کچھ ایسے ہوتے ہیں کہ جن سے بات کر کے ایک خوشی، طمانیت، راحت اور جوش کا احساس ہوتا ہے۔ یہ بہت مثبت لوگ ہوتے ہیں ان کا رویہ اور ان کی سوچ ہمیشہ مثبت ہوتی ہے جبکہ کچھ لوگ ایسے بھی ملتے ہیں کہ جو بہت منفی سوچ رکھتے ہیں اور زندگی کے ہر پہلو کو تاریک نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے برتاؤ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے خصوصاً جب یہ ہمارے بہت قریبی عزیز، رشتہ دار یا دوست ہوں کیونکہ اس صورتحال میں نہ تو ہم انہیں چھوڑ سکتے ہیں اور نہ ہی نظر انداز کر سکتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں ان کے ساتھ بہت سمجھداری کے ساتھ معاملہ فہمی سے پیش آنا چاہئے۔ منفی افراد کی مثال بالکل ایسی ہے جیسے ایک شیشے کا گلاس جو گہرے سیال مادے سے بھرا ہوا ہے۔ فرض کریں کہ یہ گلاس آپ کے اس دوست یا قریبی رشتہ دار کی شخصیت ہے اور وہ گہرے رنگ کا سیال مادہ اس کی شخصیت کی منفی سوچیں ظاہر کر رہا ہے۔ 

بلاشبہ اس منفی سیال مادے کو شفاف مادے میں بدلنا آسان نہیں ہے لیکن ناممکن بھی نہیں ہے۔ ہمارا رویہ ایسے منفی سوچ لوگوں کے ساتھ اکثر جارحانہ ہو جاتا ہے اور ہم انہیں کہتے ہیں کہ کاش آپ اپنی منفی سوچ تبدیل کر سکتے یا آپ کس قدر منفی سوچ کے مالک ہیں وغیرہ۔ تو اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ہمیں کس طرح ان منفی لوگوں سے برتاؤ کرنا چاہیے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ کوئی شخص منفی سوچ کا حامل ہے تو آپ کو اس کی شخصیت کے گلاس میں مثبت خیالات منتقل کرنے ہوں گے۔ جب آپ مستقل اس شخص میں مثبت خیالات منتقل کرتے جائیں گے تو ایک دن اس گلاس میں موجود گہرا سیال مادہ شفاف ہو جائے گا۔ یہاں پانچ ایسے طریقے ہیں جن کو استعمال کرتے ہوئے آپ منفی لوگوں سے بہت اچھی طرح سے پیش آ سکتے ہیں:

-1 اپنی زندگی کی اچھی یادیں اور تجربات ایسے منفی لوگوں کے ساتھ بانٹیں کیونکہ جب ہم کسی چیز سے لطف اندوز ہوتے ہیں تو اس دوران کبھی بھی منفی سوچیں ہم پر حاوی نہیں ہوتیں۔ خوش رہیں اور اپنے اردگرد والوں کو بھی خوش رکھیں۔

-2 کبھی منفی باتوں کا تبادلہ خیال نہ کریں یا منفی باتوں پر بحث مت کریں۔ جب آپ کا کوئی منفی دوست یا رشتہ دار منفی باتوں کی شروعات کرے تو کوشش کر کے موضوع بدل دیں۔

-3 ایک مثبت مثال بنیں۔ اپنی زندگی کو بھر پور بنائیں اور اس سے لطف اندوز ہوں۔ اپنی پر لطف زندگی میں اپنے منفی شخصیت کے دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی شامل کریں۔

-4 منفی شخصیت بہت عرصہ منفی ماحول میں رہنے کی وجہ سے بھی بن جاتی ہے۔جب وہ اپنے اس منفی خول میں بند رہتا ہے تو اور بھی منفی ہو جاتا ہے۔ اگر آپ ایسے لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو ان کو دوستانہ مشورہ دیں کہ وہ اپنی روز مرہ روٹین میں سے کچھ وقت تھوڑا روٹین سے ہٹ کر گزاریں۔ صبح یا شام کو چہل قدمی کیلئے کسی پارک میں چلے جایا کریں۔ کچھ دیر کیلئے ماحول کی تبدیلی ایسے منفی لوگوں پرمثبت اثر ڈالے گی۔

-5 سمجھیں اور حل کریں، نوٹ کریں کہ آپ کے قریبی لوگ کس موقع پر، کس عمل یا ردعمل سے منفی ہو جاتے ہیں۔ ایسے تمام حالات کو نوٹ کر کے ان کو اپنے تئیں تبدیل کر دیجئے۔ مثلاً آپ گھر دیر سے آتے ہیں تو آپ کا ساتھی ناراض ہوتا ہے اور منفی سوچیں اس کے ذہن میں ابھرنا شروع ہو جاتی ہیں۔ آپ اس کے حل کیلئے گھر جلد آسکتے ہیں یا پہلے سے اپنے ساتھی کو مطلع کر کے اس کی اس منفی سوچ کو روک سکتے ہیں۔ ہم بھی کسی نہ کسی موقع پرمنفی ہو جاتے ہیں، اس لمحے ہمیں بھی ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ کوئی ہمیں سنبھالے۔ منفی لوگوں سے برتاؤ کا سب سے کار آمد اور بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان میں گاہے بگاہے مثبت سوچیں، مثبت تجربے، مثبت طاقت ڈالی جائے، حتیٰ کہ ان کی منفی شخصیت مکمل طور پر مثبت شخصیت میں بدل جائے۔ ہمارے آخری نبی کریم ﷺ نے بھی ہمیشہ اچھا برتاؤ کرنے کا فرمایا۔ بے شک سامنے والا آپ کے ساتھ کیسا ہی سلوک کرے۔

بینش جمیل

(بینش جمیل پشاور کے ایک تعلیمی ادارے میں معلمہ ہیں اور کئی کتابوں کی مصنفہ ہیں،مندرجہ بالا مضمون ان کی ایک کتاب سے لیا گیا ہے)

بشکریہ ایکسپریس نیوز
 


Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments